لندن: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں عمران خان سے بڑا فراڈیا اور دہشت گرد نہیں دیکھا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن کہا کہ حکومت نے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جو تفتیش مکمل کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا پہلے ہی جانتی تھی کہ عمران خان ہیرا پھیری کرتا ہے اور فراڈیا ہے، لیکن یہ دہشت گرد بھی ہے، یہ کوئی نہیں جانتا تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ ( عمران خان) ہر معاملے میں دوسروں سے آگے جا رہا ہے چاہے دہشت گردی کا ہی معاملہ کیوں نہ ہو۔
سربراہ ن لیگ نے مزید کہا کہ ان کی جانب سے پولیس پر پٹرول بم پھینکے گئے، اگر پولیس والے وہاں سے نہ بھاگتے تو کیا وہ وہاں جل کرمر جاتے، اگر پولیس والے وہاں مر جاتے تو کہرام برپا ہو جاتا، کس نے انہیں سکھایا ہے کہ پولیس والوں پر پٹرول بم پھینکیں۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کی جانب سے پہلی بار ایسی حرکت ہوئی ہے جو ناقابل برداشت ہے، ان لوگوں کے خلاف بھرپورایکشن ہونا چاہیے۔
0 Comments