لاہور / اسلام آباد: صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے موجودہ سیکیورٹی انتظامات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات کے ملتوی ہونے کا اندیشہ ظاہر کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے سیکیورٹی کے غیر مناسب انتظامات پرشدید تحفظات کا اظہار کیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے سربراہ کو بھی بذریعہ خط آگاہ کردیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اگر سیکیورٹی کی یہی صورت حال رہی تو لاہور میں الیکشن شیڈول معطل کرنا ہوگا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنرزاور ریٹرننگ افسران کو مطلوبہ سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ہے، جس پر صوبائی الیکشن کمشنر نے سیکیورٹی عملے کی کم تعداد کے باعث کاغذات نامزدگی وصولی کے دوران ناخوشگوار واقعات کی نشاندہی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب نے سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الیکشن کمیشن کوآگاہ کردیا اور کہا ہے کہ نا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات نہیں کئے گیے اور نہ ہی ریٹرننگ افسران کو مطلوبہ سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
پنجاب الیکشن کمشنر ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت رش زیادہ ہے، جس کی وجہ سے عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اُدھر الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ لکھا جس میں انہیں تقرر و تبادلوں کی اجازت دے دی اور الیکشن کمیشن کے افسران و ملازمین کو چھٹیاں دینے کی اجازت بھی دے دی۔
الیکشن کمیشن پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے گریڈ 19 اور ماتحت افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی اجازت بھی دے دی گئی ہے جبکہ گریڈ 17 اور ماتحت افسران و ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ تقرر و تبادلوں کے احکامات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو بھجوائی جائیں، گریڈ 20، 21 اور 22 کے افسران اور پولیس کے تقرر و تبادلے کی منظوری الیکشن کمیشن سے لی جائے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اجلاس جمعے کو ہوگا۔
0 Comments