کراچی: صارف عدالت نے وقت پر عید کا سوٹ نہ دینے پر درزی پر مجموعی طور پر 48 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
کراچی میں صارف عدالت شرقی کی جج فہمیدہ ساہووال نے عید کے موقع پر سوٹ نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، درزی فہیم نا تو عدالت میں پیش ہوا نا ہی کوئی وکیل اسکی طرف سے پیش ہوا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ درزی بغیر سلائی کیے ہوئے سوٹ کی قیمت ادا کرے اور درخواست گزار کو نیا سوٹ خریدنے پر خرچ رقم ادا کرنے کیساتھ ساتھ ٹریولنگ چارجز کی مد میں بھی رقم ادا کرے، درزی درخواست گزار کو ذہنی اذیت پہنچانے پر 15 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرے۔
دائر درخواست میں درخواستگزار نے موقف اپنایا تھا کہ اُس نے گزشتہ رمضان 21 اپریل 2022 کو طارق روڈ پر واقع معروف درزی کو سوٹ سلائی کے لیے دیا تھا اور درزی کو کہا کہ 28 اپریل کو سوٹ تیار کردے کیونکہ اُسے 29 اپریل کو آبائی علاقے جانا ہے۔
درخواستگزار کے مطابق درزی نے 28 اپریل کو سوٹ دینے کی یقینی دہانی کرائی تھی، 23 اور 24 اپریل کو درزی سے رابطہ کیا تو درزی نے کہا سوٹ وقت پر مل جائے گا۔
درخواستگزار کے مطابق 28 اپریل کو درزی کو فون کرکے معلوم کیا کہ سوٹ لینے کے لیے آجاؤں تو درزی نے کہا کہ رات کو دیر سے آئیے گا۔ درزی کی جانب سے وقت پر سوٹ نہیں ملا تو درزی کو میسج کیا کہ اب سوٹ خود ہی پہن لے، درزی کی جانب سے عید پر سلائی شدہ سوٹ نہیں ملا لہذا دوسرا سوٹ خریدنا پڑا۔
0 Comments